سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری کا اجلاس‘

ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی مصنوعات کی انڈر انوائسنگ کے معاملہ کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:07

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری کا اجلاس‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت و ٹیکسٹائل انڈسٹری نے وزارت تجارت کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی مصنوعات کی انڈر انوائسنگ کے معاملہ کو حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین کمیٹی سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔

کمیٹی نے ممبر کسٹم کو ہدایت کی کہ وہ 10 دن کے اندر قیمت خرید کے تعین کا طریقہ کار اور ان کی نگرانی سے متعلق حکمت عملی سے متعلق رپورٹ پیش کریں تاکہ انڈر انوائسنگ کے معاملہ کو حل کیا جا سکے۔ کمیٹی کو حالیہ دورہ چین اور دورہ کے دوران ایف ٹی اے پر مذاکرات، آئندہ ایس ٹی پی ایف 2018-23ء، مالی سال 2018-19ء کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں ملکی درآمدات اور برآمدات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایا گیا کہ قومی ٹیرف پالیسی کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کی گئی ہے اور اس سے وزارت تجارت کے کردار میں اضافہ ہو گا۔ کمیٹی اراکین نے نجی شعبہ کے کمرشل قونصلرز پر زور دیا کہ وہ تجارت کے توازن میں بہتری لانے اور صنعتی سست روی کے معاملہ کو حل کریں۔ اجلاس میں سینیٹرز دلاور خان، نزہت صادق، نعمان وزیر خٹک، ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، سیکرٹری تجارت اور وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔