گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے دسویں انٹریئر پاکستان ایکسپو کا افتتاح کر دیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:20

لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایکسپو سنٹر لاہور میں پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام دسویں انٹریئر پاکستان ایکسپو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا ۔ جس نے کرپشن کی ہے اور قانون توڑا ہے اس کا احتساب کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ 70 سال کی غلط معاشی پالیسیوں کی بدولت معاشی حالات بہت گھمبیر ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری فروغ پا رہی ہے اور یہ نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کر رہی ہے بلکہ ایکسپورٹ بھی کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ان سے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

اِس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نمائش میں لگے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور کام کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کسی دوسرے ممالک کے معیار سے کم نہیں ۔دریں اثنا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نیشنل کالج آف آرٹس میں ایم ای(آنرز) کے طلباء کی طرف سے ویزول آرٹ کا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے طلباء کی طرف سے اکٹھے کئے گئے فن پاروں کو دیکھا اور طلبا و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔

گورنر پنجاب نے اِس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کالج آف آرٹس ،آرٹ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ طلباء نے اپنے آئیڈیاز کو کینوس پر اتارا ہے جو قابل تعریف ہے ۔ گورنر نے کہا کہ آرٹ کے شعبے کو پروموٹ کرنے کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔