غیر سرکاری تنظیم ’’معاون‘‘ نے وفاقی دارالحکومت کے 12 سکولوں کو اپنی سرپرستی میں لے لیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) وفاقی نظامت تعلیمات اور غیر سرکاری تنظیم ’’معاون‘‘ نے وفاقی دارالحکومت کے 12 سکولوں کو سرپرستی میں لینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ جمعہ کو وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط وفاقی نظامت تعلیمات کے ڈائریکٹرز سکولز ثاقب شہاب اور معاون کے بانی چیئرمین ایڈمرل ریٹائرڈ آصف سندھیلہ نے کئے۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقہ علی پور فراش کے 12 سکولوں کو معاون کی سرپرستی میں دیا جائے گا اور یہ تنظیم ان سکولوں میں سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی تربیت کا بھی اہتمام کرے گی جس کا مقصد معیار تعلیم کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معاون کے بانی چیئرمین آصف سندھیلہ نے کہا کہ پانچ سال تک یہ سکول ان کی تنظیم کی سرپرستی میں رہیں گے۔ اس عرصہ کے دوران ان سکولوں میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا ان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات کے ساتھ ساتھ سولر پینل بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد دیہی علاقوں کے سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو بھی معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ معاون کے 20 پارٹنرز ہیں جن کی مدد سے ان سکولوں میں کام کیا جائے گا جبکہ تنظیم کے پاس مانیٹرنگ کا ایک مربوط نظام ہے جس کی مدد سے ان سکولوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت حکومت پانچ سال کیلئے ان سکولوں میں تعینات کسی بھی ٹیچر کو کسی دوسرے مقام پر ٹرانسفر نہیں کر سکے گی۔ اس موقع پر ایجوکیٹ آف چائلڈ پروگرام کے ڈائریکٹر طارق چیمہ نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 10 لاکھ سکول نہ جانے والے بچوں کا سکولوں میں داخلہ کرایا جائے گا اس پروگرام کا مقصد غریب گھرانوں کے ان بچوں کو جو کسی بھی وجہ سے سکول نہیں جا رہے کو ایک نظام کے اندر لانا ہے۔

متعلقہ عنوان :