ریجنل بورڈ نیب لاہور کا اجلاس ‘

گجرات پولیس کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن سمیت دو کیسز پر فیصلے جاری

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:53

ریجنل بورڈ نیب لاہور کا اجلاس ‘
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) ریجنل بورڈ نیب لاہورکا اجلاس جمعہ کے روز ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ترجمان نیب کے مطابق اجلاس میں دو اہم کیسز پر قانونی فیصلے صادر کیے گئے۔ اجلاس میں گجرات پولیس فنڈز میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کیس میں جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کرنیکی منظوری دی گئی۔

ترجمان کے مطابق ملزمان سابق ڈی پی اوز رائے اعجاز احمد، رائے ضمیر الحق، سہیل ظفر اور کامران ممتاز کے خلاف پولیس فنڈز میں کروڑوں کی خرد برد پر تحقیقات جاری ہیں۔ نیب لاہور حکام کی جانب سے ملزم ایس ایس پی رائے اعجاز کو 2014سے 2016کے دوران مبینہ طور پر 70 کروڑ کی کرپشن میں ملوث ہونے کے الزام میں 30نومبر کو سندھ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ اجلاس میں سابق صدر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی ڈاکٹر محمد شفیق و دیگر کے خلاف تحقیقات مکمل کرتے ہوئے کرپشن ریفرنس داخل کرنیکی بھی منظوری دے دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ ریفرنس پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سابق صدر ڈاکٹر شفیق، سابق سیکرٹری جنرل میاں محمد اسلم اور ملزم شیخ رشید کے خلاف بطور مرکزی ملزم داخل عدالت کیا جائیگا۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سوسائٹی کے پلاٹوں کی من پسند افراد کو غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہونیکا الزام ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان پر میسرز جہانگیر ٹریڈنگ کمپنی کو سوسائٹی کے الیکٹریکل ورک کی مد میں 2کروڑ 87 لاکھ روپے کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے میں ملوث ہونیکا بھی الزام ہے۔ترجمان نیب نے کہاکہ نیب میں تمام فیصلے صِرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جارہے ہیں اورچیئرمین نیب کی ہدایات کی روشنی میں نیب لاہور زیرِ تفتیش تمام کیسز جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔