چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری سے یونیسیف کے وفد کی ملاقات

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالہ سے اپنی ذمہ داری کا بخوبی ادراک رکھتا ہے اور تعلیمی سرگرمیوں میں پائیدار ترقی کے اہداف کو شامل کرنے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کے وفد جس میں مسرت یوسف او آئی سی چیف، پلاننگ، مانیٹرنگ، ایویلوایشن، رپورٹنگ سیکشن، یونیسیف اور ہیڈ آف سوشل پالیسی، یونیوسیف، ڈاکٹر لوئیس گورجان فرنینڈس شامل تھے، سے ملاقات کے دوران کیا۔

ڈاکٹر بنوری نے وفد کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بنیادی مقصد اعلی تعلیم تک رسائی میں اضافہ، اعلی تعلیم کی کولٹی میں بہتری اور اعلیٰ تعلیم کی معاشرے سے مطابقت کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کے بعد سے اعلیٰ تعلیم تک رسائی 2.5فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد تک ہو گئی ہے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اعلی تعلیم کی کوالٹی اورقومی ضروریات سے ہم آہنگی کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک میں اعلی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کیلئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے امریکہ اور برطانیہ سمیت بہت سے ممالک کے ساتھ روابط استوار کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف ترقی پذیر معاشروں کو تعصبات سے دور کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں ممد و معاون ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن علاقائی سطح پر گراس روٹ لیول کی تحقیق کو فروغ دینے کیلئے ایک علاقائی ریسرچ فنڈ قائم کر نے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ پاکستان کے ہر ضلع کے لوگ اپنے علاقے کے مسائل کا حل تلاش کر سکیں۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ عوام الناس کی توجہ ان مسائل کے حل کی طرف دلوانے کی ضرورت ہے تاکہ علاقائی مسائل کو حل کیا جا سکے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن اس ضمن میں علاقائی جامعات اور علاقائی سب کیمپسز کی مدد سے ڈیٹا بیس تیار کرے گا تاکہ چیلنجز اور مواقع کا ادراک ہو سکے۔ یونیسیف کے مشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فرنینڈس نے کہا کہ یونیسیف علاقائی، صوبائی اور وفاقی سطح پر بچوں کے حقوق کیلئے کام کرتا ہے اور پاکستان میں بھی بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک فورم کی تشکیل میں کوشاں ہے۔

مسرت یوسف نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یونیسیف پاکستان میں بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کر رہا ہے اور تعلیمی شعبہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیسیف کو باہمی دلچسپی کے امور کا تعین کرنا چاہئے تاکہ جامعات میں مشترکہ طور پر تحقیق کے پراجیکٹس کا اجراء کیا جائے۔