Live Updates

ہماری حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے

وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کا آل پاکستان سپرنٹنڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اظہار تشکر کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2018 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ممبر قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ آل پاکستان سپرنٹنڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اظہار تشکر کیلئے گزشتہ روز پاک سیکرٹریٹ پی بلاک آڈیٹوریم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کے صدر چوہدری محمد حسین طاہر نے کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے گریڈ سترہ کے سپرنٹنڈنٹ کو تمام مراعات ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہائی کرائی کہ باقی بھی تمام وفاقی ملازمین کو خیبر پختونخوا کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ہی 2014 ء میں اپ گریڈیشن کی کے پی کے سے ابتدا کی ہے۔ بعد میں دوسرے صوبوں نے اپنے ملازمین کو اپ گریڈ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری رہائشیں اتنی خستہ حال ہیں۔ بارش میں اکثر کی چھتیں ٹپک رہی ہوتی ہیں‘ ہمیں پہلے پچھلے 70 سال کا گند صاف کرنا ہے، پھر آپ کے مسائل حل ہوں گے۔ آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینشن کونسل کے صدر چوہدری محمد حسین طاہر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کا ملازمین کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا اور کامیاب جلسہ کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹریٹ ایمپلائز کونسل کے صدر چوہدری مختار احمد، سیکرٹری جنرل سید فرخ سیر، اسسٹنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شاہد جنجوعہ، آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کونسل کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرشید ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ذوالفقار احمد ، سینئرنائب صدر نسیم خان ، جائنٹ سیکرٹری ارشد شاہکوٹی، طاہر خالد، جمال قریشی ، چوہدری شفقت اور عبدالغفار کے علاوہ کونسل کے سیکڑوں ممبران نے شرکت کی۔

سٹیج سیکرٹری سید فرخ سیر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام کلریکل سٹاف جن میں ایل ڈی سی، یوڈی سی، اسسٹنٹ اور سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ کلاس فور سٹاف کو بھی خیبرپختونخوا کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے۔گریڈ 6 سے 22 تک تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے 5 فیصد مینٹیننس الاؤنس کٹوتی ختم کی جائے۔ ریٹائرمنٹ کے موقع پر وفاقی ملازمین کو بھی صوبائی حکومتوں کی طرح گروپ انشورنس اور بینوولینٹ فنڈ سے رقم کی ادائیگی کی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات