Live Updates

حکومت بزنس کو آسان بنانے کیلئے پالیسیاں تشکیل دے رہی ہے،اس وقت حکومت کو کافی مسائل کا سامنا ہے لیکن ہم بہتری کی جانب جا رہے ہیں‘ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان کاروبار کرنے میں آسانی کی رینکنگ میں 137ویں نمبر پر ہے ،عمران خان نے پاکستان کا نمبر ایک سو سے کم پر لانے کا کام سونپاہے ،

وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس عبدالرزاق دائود کاراولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) حکومت بزنس کو آسان بنانے کیلئے پالیسیاں تشکیل دے رہی ہے،اس وقت حکومت کو کافی مسائل کا سامنا ہے لیکن ہم بہتری کی جانب جا رہے ہیں‘ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان کاروبار کرنے میں آسانی کی رینکنگ میں 137ویں نمبر پر ہے ،عمران خان نے پاکستان کا نمبر ایک سو سے کم پر لانے کا کام سونپاہے ، ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس عبدالرزاق دائود نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی جانب سے کنونش سنٹر میں ایمرجنگ پاکستان پروگرام کے تحت تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں حکومت میں بیٹھ کر بھی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرتا ہوں ہم ایسی پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں جس سے مستقبل میں بزنس کمیونٹی کو فائدہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہر وزیر نے دعویٰ کیا کہ اقتدار میں آکر ایف بی آر میں اصلاحات کریں گے ۔ پہلی دفعہ پی ٹی آئی حکومت نے ایف بی آر میں ریفارمز کا آغاز کیا ہے پہلے ایف بی آر ایمپائر بھی تھا اور پلیئر بھی تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ۔

اب وزارت خزانہ اور ایف بی آر کو علیحدہ علیحدہ ٹاسک سونپے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہم ٹیرف پالیسی لا رہے ہیں جس سے بزنس کمیوٹی کو فوائد ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ دنوں دورہ جاپان میں وہاں کی بڑی کمپنیوں کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ ایگزون موبل 28سال بعد پاکستان میں دوبارہ کاروبار شروع کررہی ہے جو اس بات کا اظہار ہے کہ ملک میں سرمایہ کار فرینڈلی پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کو کافی مسائل کا سامنا ہے لیکن ہم بہتری کی جانب جا رہے ہیں۔ دریں اثنا وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنیوالے دنوں میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری اور ترسیلات زر بینکوں کے ذریعے بھجوانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

بیرون ملک پاکستانی اس وجہ سے وہاں کامیاب ہورہے ہیں کہ وہاں کے ادارے درست سمت میں کام کررہے ہیں جب کہ ہمارے ہاں اداروں میں کرپشن کی وجہ سے بہت زیادہ مسائل ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت ہم نے اپنے پہلے سو دنوں میں یہ بات طے کر دی ہے کہ اداروں کو درست کرنا ہے اور عوام دوست پالیسیاں تشکیل دے کر ملک میں غربت کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چھ ماہ میں حالات تبدیل ہوجائیں گے۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے منعقد کی جانیوالی ایمرجنگ پاکستان تقریب میں ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے صدور، مختلف تجارتی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت بزنس کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات