صرف ایک سال کے لیے سمارٹ فون چھوڑ کر فیچر فون استعمال کریں اور 1 کروڑ 40 لاکھ روپے کا انعام پائیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 14 دسمبر 2018 23:46

صرف ایک سال کے لیے سمارٹ فون چھوڑ کر فیچر فون استعمال کریں اور 1 کروڑ ..

کوکا کولا کی ملکیتی کمپنی وٹامن واٹر نے   حال ہی میں ایک نیا مقابلہ شروع کیا ہے۔ اس مقابلے میں  شرکاء کو ایک سال کے لیے سمارٹ فون اور ٹیبلٹ کا استعمال ختم کرنا پڑے گا  اور اس کے بدلے انہیں 1 لاکھ ڈالر انعام دیا جائےگا۔
وٹامن واٹر کے #nophoneforayear چیلنچ میں شرکا 365 دنوں تک اپنے سمارٹ فون کے ساتھ ساتھ کسی اور شخص کا سمارٹ فون اور ٹیبلٹ بھی استعمال نہیں کریں گے۔

کمپنی اس چیلنج کےلیے منتخب ہونے والے شخص سے ایک معاہدہ کرےگی۔ معاہدے میں اس چیلنج کے تمام شرائط و ضوابط تحریر کر کے دستخط کیےجائیں گے۔ معاہدے کی پاسداری کی صورت میں ہی فاتح کو انعام دیا جائے گا۔ یہ چیلنج سننے میں کافی آسان لگتا ہے لیکن اس چیلنج میں ہر کوئی شریک نہیں ہوسکتا۔ آپ کو ٹوئٹر یا انسٹا گرام  پر ہیش ٹیگ #nophoneforayear اور #contest کےساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کرنی پڑے گی اور کمپنی کو بتانا پڑے گا کہ آپ کو سمارٹ فون سے چھٹی کیوں کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

اس چیلنج کے لیے بھیجی گئی انٹریز کو تخلیقی صلاحیت، برانڈ کی مناسبت، مزاح اور کوالٹی پر پرکھا جائے گا۔ مقابلے میں شریک ہونے کے خواہشمند 8 جنوری تک اپنی اینٹریز بھیج سکتے ہیں یعنی ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر پوسٹ کر سکتے ہیں۔ کمپنی 22 جنوری کو منتخب شرکا کا اعلان کرےگی۔
یاد رہے کہ اس مقابلے کے شرکا کو صرف سمارٹ فون یا ٹیبلٹ استعمال نہیں کرنا، شرکا کال کرنے یا سننے کے لیے فیچر فون استعمال کر سکتے ہیں۔

کمپنی خود شرکا کو ماہانہ پلان کے ساتھ  1996 کے زمانے کا موبائل فون فراہم کرے گی، جس سے بس وائس فون کالز کی اور سنی جا سکیں گی۔
کمپنی نے اس مقابلے کے شرکا کے لیے اصول و ضواب کی حتمی فہرست ابھی جاری نہیں کی ہے لیکن انہوں نے بتایا کہ فاتح کو انعام دینے سے پہلے جھوٹ پکڑنے کی مشین کا ٹسٹ دینا ہوگا۔
وٹامن واٹر نے تصدیق کی ہے کہ یہ مقابلہ کوئی مذاق نہیں ہے۔ کمپنی کی برانڈ منیجر نتالیہ سواریز نے بتایا کہ یہ لوگوں کو اپنے وقت میں کچھ دلچسپ کرنے کے لیے چیلنج دینے کا اختراع پسندانہ طریقہ ہے۔

متعلقہ عنوان :