سپریم کورٹ ، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے قانون سازی کی سمری پر صوبائی کابینہ کو دو ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم

جمعہ 14 دسمبر 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے قانون سازی کی سمری پر صوبائی کابینہ کو دو ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے پی کے ایل آئی انتظامی کمیٹی میں سرجن جنرل آف پاکستان کو بھی شامل کرنے اور ایک ہفتے میں پاک فوج اور سرجن جنرل کی رضامندی لینے کا بھی حکم دے دیا چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ٹرسٹ تو ایک خاص تعلق کی وجہ سے سابق وزیر اعلی نے بنایا تھا بائیس ارب لگا دیئے لیکن لیور ٹرنسپلانٹ کا ایک آپریشن بھی نہیں ہوا یہ کیس تو براہ راست نیب یا انٹی کرپشن کو دینا چاہیے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی کام نہیں ہو رہا ہم ایک کام کہتے ہیں پنجاب حکومت سے وہ بھی نہیں ہوتا پنجاب حکومت سست روی کا شکار ہے ہیلتھ کئیر کے سارے کام پنجاب میں رکے ہوئے ہیں ابھی تک ہیلتھ کئیر بورڈ ہی نہیں بنا بات کرو تو سرخیاں لگ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سر براہی میں تین رکنی بنچ نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اسپتال سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ بائیس ارب روپے خرچ کر دیئے ساری رقم ایک ٹرسٹ کودے دی گئی،دو مرتبہ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا یہ قانون تبدیل کر رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ ٹرسٹ کو رہنا چاہیے یا نہیں ، چیف جسٹس نے پی کے ایل آئی کے انچارج ڈاکٹر سعید اختر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ تین سال سے آپ بیس لاکھ تنخواہ لے رہے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں نے پی کے ایل آئی سے کوئی تنخواہ نہیں لی، انہوں نے کہا کہ ہم نے اکیس کڈنی ٹرانسپلانٹ کئے ہیں، کینسر کے علاج بھی کئے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ لیور کا ٹرانسپلانٹ تھا،گردوں کے آپریشن تو دوسری جگہوں پر بھی ہو رہے ہیں، آپریشن تھیٹر فعال نہیں ہے، چیف جسٹس نے ڈاکٹر سعید اختر سے کہا کہ آپ شہباز شریف کے بڑے قریب تھے،اگر آپ کہیں تو آپ کو بتادوں گا کہ کیسے آپ شہباز شریف سے ملے تھے، ہمیں یہ سمجھائیں کہ پی کے ایل آئی کے لیے ٹرسٹ کی ضرورت کیا ہے، ٹرسٹ تو ایک خاص تعلق کی وجہ سے سابق وزیر اعلی نے بنایا تھا، کیا ٹرسٹ نے کبھی اپنا مالی حصہ ڈالا ہے، ممبر بورڈ نے جواب دیا کہ ٹرسٹ نے 165 ملین فنڈز کا حصہ ڈالا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ جون میں ایک لیور ٹرانسپلانٹ کا بھی آپریشن نہیں ہو سکا جتنے پیسے پی کے ایل آئی پر خرچ کیے گئے اتنے پیسوں میں تو پانچ اسپتال بن جاتے یہ براہ راست کیس نیب یا انٹی کرپشن کو دینا چاہیے۔

عدالت نے پی کے ایل آئی کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے قانون سازی کی سمری پر صوبائی کابینہ کو دو ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ، عدالت نے پی کے ایل آئی انتظامی کمیٹی میں سرجن جنرل آف پاکستان کو بھی شامل کرنے اور ایک ہفتے میں پاک فوج اور سرجن جنرل کی رضامندی لینے کا بھی حکم دے دیا کیس کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی ۔