سپریم کورٹ کا پمز میں ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹروں کو ہر مہینے کی دس تاریخ تک وظائف ادا کرنے کا حکم

جمعہ 14 دسمبر 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے پمز میں ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹروں کو ہر مہینے کی دس تاریخ تک وظائف ادا کرنے کا حکم جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ اگر عدالتی حکم کے مطابق ہائوس جاب ڈاکٹروں کو وظائف نہ دیئے گیے تو کالجز کے سی ای او کے خلاف کارروائی کی جائے گی, جمعہ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پمز میں ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو وظائف کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر درخواست گزارکے وکیل نے پیش ہو کر کہا کہ اسوقت کل 370 میڈیکل گریجویٹس پمز میں ہائوس جاب کر رہے ہیں،لیکن ان کو وظیفہ نہیں دیا جارہا، چیف جسٹس نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے گریجویٹس کو وظائف دینا ان کالجز کی ذمہ داری ہے، اس معاملے کے بارے میں عدالت پی ایم ڈی سی کو سارا قانون بنا کر دے چکی ہے، سماعت کے دوران پمز کے نمائندے ڈاکٹر ندیم نے چیف جسٹس سے کہا سر آپ نے پمز کا وزٹ کیا تھا جس کے بعد وہاں انسریٹر فعال ہوچکے ہیں، تو چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ اگر ایسا ہوا ہے تو یہ اچھی بات ہے لیکن ایک مہینے میں ہائوس جاب ڈاکٹروں کو وظائف ادا کیے جائیں اور ہر مہینے کی دس تاریخ تک ان کووظیفہ ادا کیا جائے،ورنہ کالجز کے سی ای او کے خلاف کاروائی ہوگی۔