Live Updates

وزیراعظم کی خیبرپختونخوا حکومت کو قبائلی علاقوں میں سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت

عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں سابق قبائلی علاقوں کے انضمام میںپیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 00:50

وزیراعظم کی خیبرپختونخوا حکومت کو قبائلی علاقوں میں سکولوں اور ہسپتالوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر جتنی جلد ممکن ہو سکے، مکمل کی جائے۔ جمعہ کو یہاں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سابق قبائلی علاقوں کے عوام کو تعلیم اور صحت سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کو سابق قبائلی علاقوں کے انضمام میںپیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انتظامی انضمام کے تمام مراحل کو خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سابق فاٹا کے ہر ضلع کیلئے گورنر اور وزیراعلیٰ کی سربر اہی میں ایک عملدرآمد کمیٹی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان اضلاع کے صوبائی وزراء اور سینیٹرز کو بھی اس کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے علاوہ گورنر اور وزیراعلیٰ بذات خود فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر مقامی لوگوں کو اعتماد میں لینے کیلئے سابق فاٹا کے ہر ضلع کا دورہ کریں۔ بریفنگ میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فر مان، وزیراعلیٰ محمود خان، صوبائی وزیر خزانہ تیمور خان، وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب، معاون خصوصی نعیم الحق، ا فتخار درانی، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات