جہلم کے عوام میری اصل قوت ہیں، انہیں فراموش نہیں کریں گے ، انتخابات میں کئے تمام وعدے پورے کریں گے، جلال پور نہر کا افتتاح آئندہ مارچ میں وزیراعظم عمران خان کریں گے، للِہ انٹرچینج سے جہلم تک سڑک کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ بھی جلال پور نہر کے ساتھ مکمل کریں گے، حرم پور سے دینہ 3 مراحل میں سوئی گیس کی فراہمی کا جلد آغاز کیا جائے گا ، آئیسکو کی ٹرانسمیشن لائن کی تبدیلی کا کام آئندہ ہفتہ تک مکمل ہو جانے سے وولٹیج میں کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کاجہلم کے نواحی علاقہ پنن وال میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ اور عشائیہ اور پنڈدادنخان میں تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے افتتاح اور عوامی اجتماعات سے خطاب

ہفتہ دسمبر 01:10

جہلم کے عوام میری اصل قوت ہیں، انہیں فراموش نہیں کریں گے ، انتخابات ..
پنن وال/پنڈدادنخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جہلم کے عوام میری اصل قوت ہیں، انہیں فراموش نہیں کریں گے اور انتخابات میں کئے تمام وعدے پورے کریں گے، جلال پور نہر کا افتتاح آئندہ مارچ میں وزیراعظم عمران خان کریں گے، للِہ انٹرچینج سے جہلم تک سڑک کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ بھی جلال پور نہر کے ساتھ مکمل کریں گے، حرم پور سے دینہ 3 مراحل میں سوئی گیس کی فراہمی کا جلد آغاز کیا جائے گا جبکہ آئیسکو کی ٹرانسمیشن لائن کی تبدیلی کا کام آئندہ ہفتہ تک مکمل ہو جائے گا جس سے وولٹیج میں کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جہلم کے نواحی علاقہ پنن وال میں چوہدری محمد علی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ اور عشائیہ اور پنڈدادنخان میں تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفاقی وزیر نے پنڈدادنخان میں گیس کی فراہمی اور ریسکیو 1122 کی نئی گاڑیوں کا بھی افتتاح کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنڈدادنخان میں ٹرانسپورٹ آفس کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ پنن وال اور ناڑا کے مقامات پر نادرا مراکز بھی کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا منصوبہ جلال پور نہر کا 37 ارب روپے لاگت کا منصوبہ ہے جس کا افتتاح آئندہ مارچ میں وزیراعظم خود کریں گے جبکہ 4 سال میں اس عظیم الشان منصوبے کو مکمل کریں گے، جلال پور نہر سے زیر زمین کھارا پانی میٹھا ہو گا اور پورے علاقہ کو آبپاشی کیلئے پانی میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج اور صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے کام کا آغاز کر دیا ہے جبکہ کھیوڑہ میں ایک لیبر کالونی قائم کریں گے اور وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت مزدوروں کیلئے ایک ہزار گھر تعمیر کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ للِہ انٹرچینج سے جہلم تک سڑک کو دو رویہ کرنے کے 9 ارب روپے کے منصوبے کے علاوہ چھوٹی سڑکوں کے منصوبوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وکٹوریہ پل کے مقام کو تبدیل کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرا بڑا منصوبہ حرم پور سے دینہ 3 مراحل میں سوئی گیس کی فراہمی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سنگھوئی طالبات کے کالج کی اپ گریڈیشن اور دارا پور طالبات کالج کو سفری سہولیات کی فراہمی کریں گے جس سے بچیوں کو سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں 26 واٹر سپلائی سکیمیں شروع کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے پنڈدادنخان میں تحریک انصاف کے دفتر کا افتتاح کیا اور وہاں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے پنڈدادنخان میں ایک کروڑ روپے کی لاگت کے گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا جس سے مختلف موضع جات کو گیس فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنڈدادنخان بالخصوص اور جہلم بالعموم کے عوام سے سیاسی رشتہ نہیں ذاتی رشتہ سمجھتا ہوں۔

آپ کا نمائندہ جس بھی عہدے پر ہے وہاں کا ہر شخص خود کو اس عہدے پر سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کو پولیس سٹیٹ نہیں بننے دیں گے۔ آپ سے بھی التماس ہے کہ اختلافات کو بھلا کر علاقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر کے ڈاکٹرز کی بی کیٹگری سے سی کیٹگری میں اپ گریڈیشن سے ڈاکٹروں کی قلت کا مسئلہ بھی حل کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا اپنا کیمپس قائم نہیں ہوتا اس وقت تک البیرونی کالج میں یو ای ٹی کی کلاسوں کا اجراء کیا جائے گا۔