جرمنی میں اتحاد ایئرویز کے خلاف 2 ارب یورو ہرجانے کا مقدمہ

ہفتہ 15 دسمبر 2018 10:40

جرمنی میں اتحاد ایئرویز کے خلاف 2 ارب یورو ہرجانے کا مقدمہ
برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) جرمنی میں متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز پر 2 ارب یورو ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا گیا ۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق دارالحکومت برلن کی ایک علاقائی عدالت نے تصدیق کر دی ہے کہ اتحاد ایئرویز کے خلاف2 ارب یورو تک کے زر تلافی کی ادائیگی کا ایک مقدمہ اس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

یہ مقدمہ ایئر برلن کے دیوالیہ پن کے نگران عہدیدار کی طرف سے اس لیے دائر کیا گیا ہے کہ اتحاد ایئرویز جرمنی کی اس کالعدم فضائی کمپنی کے حصص کی مالک ایک بڑی کمپنی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اتحاد ایئرویز کے خلاف یہ مقدمہ اس الزام کے تحت دائر کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی اس ایئرلائن نے مبینہ طور پر ایئر برلن کے ساتھ مالی تعاون کے اپنے اس معاہدے پر ڈیڑھ برس تک عمل نہیں کیا تھا، جو گزشتہ برس اپریل میں طے پایا تھا۔

اس دوران اماراتی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے گزشتہ برس اگست میں ایئر برلن کی مالی مدد سے بھی ہاتھ کھینچ لیا تھا، جس کے بعد جرمنی کی یہ دوسری سب سے بڑی فضائی کمپنی دیوالیہ ہو گئی تھی۔ اتحاد ایئرویز 2011ء سے ایئر برلن کے دیوالیہ ہو جانے تک اس کمپنی کے 29.2 فیصد حصص کی مالک تھی۔