مذاکرات میں تعطل کا ذمہ دار امریکہ ہے، شمالی کوریا

ہفتہ 15 دسمبر 2018 10:40

سیئول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے امریکہ کے مخاصمانہ رویے اور پابندیوں کو جوہری مذاکرات میں تعطل کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ دھمکیوں اور شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کے ذریعے جزیرہ نمائے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک نہیں کر پائے گا۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کئے لیکن امریکا نے اب تک ایک بھی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ امریکہ اور شمالی کوریا کے رہنماؤں نے 12 جون کو سنگاپور ملاقات میں جزیرہ نمائے کوریا میں قیام امن کی ضرورت پر تاکید کی تھی لیکن محض دس روز کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے خلاف اقتصادی پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی تھی۔