Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت معاشی استحکام کیلئے اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت اثرات ظاہر ہورہے ہیں،خرم مختار

ہفتہ 15 دسمبر 2018 10:40

اسلام آباد ۔15دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) ملک کی مجموعی برآمدات میں ٹیکسٹائل کے شعبہ کی برآمدات کا حصہ57 فیصد ہے جبکہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں شعبہ کا حصہ8.5 فیصد ہے۔ ٹیکسٹائل کی صنعت زرمبادلہ کے حصول اورمعیشت کا پہیہ چلانے میں اہم کردار کی حامل ہے جس کے مسائل کے خاتمہ سے قومی معیشت کی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتاہے۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن( پی ٹی ای ای) کے چیئرمین خرم مختار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت معاشی استحکام کیلئے اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت اثرات ظاہر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کے ریفنڈز کی جلد اور بروقت ادائیگی سے ٹیکسٹائل کے شعبہ کے مالی مسائل ختم کئے جاسکتے ہیں جس سے شعبہ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ رکے ہوئے ریفنڈزکی ادائیگی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نومبر2018ء کے دوران ادائیگیوں کے توازن میں5.28فیصدکی کمی ہوئی ہے جس سے قومی خزانے پر دبائو کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبہ کی ترقی سے قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی اور اس سے ملکی معیشت کے استحکام میں مدد کے ساتھ ساتھ تجارتی خسارہ کو بھی کم کرنے میں معاونت حاصل ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات