Live Updates

خیبرپختونخواہ کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو بے وقوف بنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 دسمبر 2018 11:37

خیبرپختونخواہ کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو بے وقوف بنا دیا
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 دسمبر 2018ء) : خیبرپختونخواہ حکومت کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا ہے جہاں صوبائی حکومت نے منشیات کے افراد کے لیے قائم کردہ بحالی مرکز کو شیلٹر ہوم بتا کر وزیراعظم عمران خان سے افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے کچھ دیر بعد ہی شیلٹر ہوم کو تالے لگا دئے گئے۔ حکومت کے اس اقدام سے منشیات کے عادی افراد بحالی مرکز سے محروم ہو گئے۔

وزیراعظم کی جانب سے شیلٹر ہوم کا افتتاح گذشتہ روز کیا گیا جس کے کچھ دیر بعد ہی شیلٹر ہوم کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا۔صوبائی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو بے وقوف بنا دیا لیکن انہیں اس بات کی خبرتک نہ ہوئی۔ خیبرپختونخواہ حکومت کے اس اقدام سے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے، جہاں وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے بعد پشاور میں بھی ناداروں اور بے گھر بے سہارا افراد کیلئے شیلٹر ہوم کا افتتاح کردیا۔

شیلٹر ہوم کے افراد کولانے کیلئے خصوصی طور پرچار بسیں چلائی جائیں گی۔جو شہر سے تمام بے سہارا افراد کو اس شیلٹر ہوم تک پہنچائیں گی۔ شیلٹر ہوم میں لوگوں کو کھانا بھی دیا جائے اور بہترین رہائش کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔شیلٹر ہوم میں دومنازل ہیں ۔متعدد کمرے بنائے گئے ہیں ، وسیع سرکاری رقبے پر شیلٹر ہوم بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں گذشتہ روز صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

اجلاس میں انہوں نے صوبے میں عوامی منصوبوں اور ترقیاتی پروگراموں اور 100روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پانچ شیلٹر ہومز کا افتتاح کر چکے ہیں۔ ان شیلٹر ہومز میں لوگوں کو رہائش کے ساتھ کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ لیکن خیبرپختونخواہ حکومت نے وزیراعظم عمران خان سے داد سمیٹنے کی خاطر شیلٹر ہوم کا افتتاح تو کروادیا لیکن شیلٹر ہوم کے نام پر منشیات کے عادی افراد سے ان کا بحالی مرکز چھین لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات