سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں خاتون پر تشدد کرنے والا کون تھا ؟ سُراغ لگا لیا گیا

ویڈیو میں موجود ملزم واصف عباسی ٹائیگر گینگ راولپنڈی کا سرغنہ ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 دسمبر 2018 11:52

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں خاتون پر تشدد کرنے والا کون تھا ؟ سُراغ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 دسمبر 2018ء) : لڑکی پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو گذشتہ روز سی پی او راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لے لیا لیکن ویڈیو میں موجود ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ البتہ ویڈیو میں موجود شخص کی شناخت ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ستول کی نوک پر لڑکی پر تشدد کرنے ، فحش گالیاں دینے اور لڑکی کو بلیک میل کرنے والا راولپنڈی کا ایک بدنام گینگسٹر نکلا۔

ذرائع نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معاملے کو اپٹھایا تو ملزم واصف عباسی بیرون ملک فرار ہو گیا۔ جڑواں شہروں کی پولیس ملزم کو پکڑنے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکی۔ اس گینگ کے دیگر ارکان میں نصیر عرف ہنی کلر، وقاص عرف قصی ٹائیگر اور ابو بکر عرف تین سو دو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان راولپنڈی اور اسلام آباد میں مختلف سرگرمیوں میں سرگرم ہیں، کچھ عرصہ قبل اس گینگ کے چند ارکان نے وکلا پر بھی حملہ کیا تھا جس کا مقدمہ نمبر 318/18 بھی درج ہوا۔

اس حملے میں وکلاء شدید زخمی ہوئےتھے تاہم مقدمہ درج ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون پر تشدد میں ملوث شخص کا نام واصف عباسی ہے جو راولپنڈی کا رہائشی اور عمیر پلازے میں موبائل شاپ بھی چلاتا ہے۔ زارلش جمشید کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں ملزم واصف عباسی کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

سی پی او راولپنڈی عباس احسن کے کا کہنا تھا کہ ملزم واصف عباسی لاہور ائیرپورٹ سے چین فرار ہوچکا ہے۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق خاتون پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپا مارا گیا لیکن ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرنے کی بھرپور کوشش کی جار ہی ہے اُمید ہے کہ جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔