الخلیل، عباس ملیشیا کا ریلی پر حملہ، متعدد بچے اور خواتین زخمی ہوگئے

ہفتہ 15 دسمبر 2018 12:36

غرب اردن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل روز عباس ملیشیا نے حماس کے 31 ویں تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ خواتین کی ریلی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں متعدد خواتین اور بچے زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز مسجد الحسین سے حماس کی تاسیسی ریلی کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پرخواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی اس ریلی میں شریک تھی۔

حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا کے جلادوں نے ریلی میں شریک نہتی خواتین کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، انہیں سڑکوں پر توہین آمیز انداز میں گھسیٹا اور ان کے نقاب تک نوچ ڈالے۔عباس ملیشیا نے ریلی کے شرکاء کو خوف زدہ کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور ان پر براہ راست آنسوگیس کی شیلنگ کی، اس دوران عباس ملیشیا نے شہر سے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین نے بتایا کہ عباس ملیشیا نے حماس کے 31 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ ریلی پر تشدد سے قبل الخلیل میں وحشیانہ کریک ڈائون کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کو حراست لینے کے بعد جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں حماس کے حامیوں کی ایک ریلی پر عباس ملیشیا نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میںمتعدد شہری زخمی ہوگئے۔عباس ملیشیا کی طرف سے یہ کریک ڈائون اورتشدد کے حربے ایک ایسے وقت میں استعمال کئے گئے ہیں جب دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی گزشتہ دو روز کے دوران غرب اردن سے حماس کے دسیوں کارکنوں اور رہنمائوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔