مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں نے 9نوجوان شہید کر دیئے،حملے میں ایک بھارتی فوجی مارا گیا

نوجوانوں کی شہادت پر زبردست احتجاجی مظاہرے، انٹرنیٹ، ریل سروس معطل بھارتی فورسز ، مقامی انتظامیہ کی مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج، پیلٹ گنوں کا استعمال

ہفتہ 15 دسمبر 2018 13:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران ہفتہ کو ضلع پلوامہ میں9نوجوان شہید کر دیئے، شہادت کے واقعہ کیخلاف وادی بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ، بھارتی فورسز اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور پیلٹ گنوں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے 3نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کھر پورہ سرنو میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا1اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہوگیا ۔ نوجوانوں کی شہادت پرلوگوںنے سڑکوں پر آکر زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کر دیئے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیاں ، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے چلائے جس کے نتیجے میں مزید6 نوجوان شہید جبکہ بیسیوں زخمی ہوگئے۔

آخری اطلاعات تک بھارتی فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔قابض انتظامیہ نے لوگوں کوتازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے ضلع پلوامہ میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ریل سروس بھی معطل کر دی ہے۔