پاکستان میں تمام غیر مسلم اقوام کو مذہبی تہوار اور رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے، سپیکر خیبر پختونخوا مشتاق غنی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 13:56

پاکستان میں تمام غیر مسلم اقوام کو مذہبی تہوار اور رسومات ادا کرنے ..
ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام غیر مسلم اقوام کو مذہبی تہوار اور رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی ہے، پاکستان کا آئین غیر مسلم اقوام جن میں مسیحی، ہندو، سکھ و دیگر مذاہب شامل ہیں، کو ان کی مذہبی رسومات ادا کرنے اور مذہبی تہوار وں کو مذہبی جوش و خروش سے منانے کی مکمل آزادی دیتا ہے۔

کرسمس کی آمد کے موقع پر گذشتہ شام پریسبیٹیرین چرچ ایبٹ آباد میں منعقدہ ویلکم کرسمس پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پھولوں کے گلدستہ کی مانند ہیں جس میں تمام اقوام مختلف پھولوں کی حیثیت رکھتی ہیں، کرسمس حضرت یسوع المسیح کی پیدائش کا دن ہے جو تمام انسانیوں کیلئے خوشی کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پریسبیٹیرین چرچ ایبٹ آباد نے اپنی روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے اس خوبصورت پروگرام کا انعقاد کیا اور ہمیں مدعو کیا جو ہمارے لئے بھی انتہائی خوشی و مسرت کا موقع ہے، مسیحی برادری کو یہ بات باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے نمائندے ہیں، آپ کے حلقہ سے وہ منتخب ہوئے ہیں، وہ آپ کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انشاء الله مسیحی برادری کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریںگے۔

اس موقع پر ضلعی ممبر ذاکر پال ایڈووکیٹ چیئرمین مینارٹی افیئرز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک پاکستان کے شہری ہیں، اپنی مذہبی آزادی کو تسلیم کرتے ہیں اور غیر ملکی پراپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام چرچ انتظامیہ کی جانب سے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں اپنا قیمتی وقت نکال کر کرسمس کے پروگرام کو چار چاند لگائے۔