بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوا مہ میں 9 نوجوان شہید کر دیے

نوجوانوں کی شہادت پر زبردست احتجاجی مظاہرے، انٹرنیٹ و ریل سروس معطل

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران آج ضلع پلوامہ میں9نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے 3 نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کھر پورہ سرنو میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا1اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

نوجوانوں کی شہادت پرلوگوںنے سڑکوں پر آکر زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے ۔ بھارتی فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیاں ، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے چلائے جس کے نتیجے میں مزید6 نوجوان شہید جبکہ بیسیوں زخمی ہوگئے۔آخری اطلاعات تک بھارتی فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔قابض انتظامیہ نے لوگوں کوتازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے ضلع پلوامہ میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ریل سروس بھی معطل کر دی ہے۔