بھارتی حکمران کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے ظلم و جبر کا ہر حربہ آزما رہے ہیں،یاسین ملک

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:00

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران اور مقبوضہ علاقے میں ان کی کٹھ پتلی ظلم وجبر کا ہر حربہ آزما کر کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن انہیں یہ حقیقت جان لینی چاہیے کہ جبر و استبداد سے قوموں کے جذبہ آزادی کو کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اگر قتل و غارت،تختہ دار پر چڑھانے، جیلوں اور عقوبت خانوں میں ڈالنے اور ظلم و ستم کے دیگر ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوں کو دبانا ممکن ہوتا تو اس وقت بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا کے کئی اور ممالک آزاد و خود مختار ملکوں کی صف میں شامل نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ دنیا کی اقوام کی تاریخ اسی حقیقت کی شاہد ہے کہ مظالم ، قتل و غارت گری اور فوجی طاقت کے ذریعے قوموں کو دباناممکن نہیں ہوتا لہذا بھارت کے حکمران اس بات کوجتنی جلد تسلیم کر لیںاتنا ہی ان کیلئے بہتر ہوگا۔

محمد یاسین ملک نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حالیہ دنوں کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندارا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا لہو بے دردی کے ساتھ بہایا جار ہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دریں اثناء لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں ، کارکنوں اور عالم لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بھارتی جبر و استبداد کے خلاف لال چوک سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر کیے جانے والے مظاہرے میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما اور کارکن محمد یاسین بٹ ،شیخ عبدالرشید، محمد صدیق شاہ، مشتاق احمد خان،جاوید احمد بٹ ،پروفیسر جاوید ،محمدحنیف اور دیگر کے علاقے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک تعداد شریک تھی۔جے کے ایل ایف کے رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔