Live Updates

تاریخی کٹاس راج مندر کی یاترا ،مہا شیو پوجا کیلئے آئے ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت چلے گئے

پاکستان سے امن ،محبت کا پیغام لیکر جا رہے ہیں ،دعاہے دونوں ملکوں کے درمیان مثبت تعلقات استوار ہوں ‘جتھہ لیڈر شیو پرتاب بجاج

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) ہندو مذہب کے تاریخی کٹاس راج مندر کی یاترا اور مہا شیو پوجا کے لیے بھارت سے پاکستان آئے 127 ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت چلے گئے۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمدطارق وزیر ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل فراز عباس ،پی آر او عامر حسین ہاشمی و یگر نے مہمانوں کوخصوصی تحائف اورپھولوں کے گلدستے دے کر الوداع کیا ِ۔

واہگہ بارڈر پر ہندو جتھہ کے پارٹی لیڈر شیو پرتاب بجاج نے میڈیا کے نمائندوں کو پاکستان یاترا کے بارے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ہم پاکستان سے امن اور محبت کا پیغام لیکر جا رہے ہیں ،جب بھی یاترا کے لیے آتے ہیں حکومت پاکستان کی طرف سے مہمان نوازی کے لیے بہترین اقدامات کے جا تے ہیں جس پر ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیئرمین بورڈ طاہر احسان کے شکر گزا رہیں ۔

(جاری ہے)

ہماری دعاہے کہ دونوں ملکوں کو درمیان مثبت تعلقات استوار ہوں اور خطے میں امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ ترقی پروان چڑھے اور ہمارا آنا جانا لگا رہے۔بورڈ کے سیکرٹری طارق خان نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نو ر االحق قادری اور چیئرمین بورڈ کی خصوصی ہدایات کے مطابق مختلف مذہبی تہواروں پر بھارت سمیت دنیا بھر پاکستان آنے والے ہندو اور سکھ یاتریوںکی مہمان نوازی اور سیکورٹی کے لیے بہترین اقدامات کیے جاتے ہیں ۔

یہی وجہ ہے کہ جب دورہ مکمل ہونے پر نیک خواہشات اور محبتیں سمیٹتے ہوئے واپس جاتے ہیں ۔جتھ میں شامل دیگر بھارتی ہندو یاتریوں نے بھی اپنا پیغام دیتے ہوے کہا کہ پاکستان اقلیت نواز ملک ہے یہاں پر اقلیتوں کو تمام مذہبی آزادی حاصل ہے اورہماری عبادت گاہوں کی خوبصورتی اور حفاظت کے اقدامات کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی نے بتایا کہ یاتریوںکو سخت سیکورٹی میں گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور سے سپیشل بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر لے جایا گیا۔

دوسری جانب میر پور ماتھیلو سندھ شادانی دربار کی مذہبی تقریبات کی ادائیگی کے لیے بھارت سے آئے 209ہندو یاتری سپیشل ٹرین کے ذریعے آج (اتوار )سندھ سے لاہور پہنچیں گے لاہور پہنچنے کے بعد خصوصی بسوں میں واہگہ بادرڈر جائیں گے۔ جہاں سے وہ پیدل بھارت واپس لوٹ جائیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات