Live Updates

سابقہ حکومت کی طرح مصنوعی ترقی کی بجائے معیشت کو پائوں پر کھڑا کرینگے‘ مسرت چیمہ

کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کی مزاحمت کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا‘ رکن پنجاب اسمبلی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کی طرح عوام کو معیشت کی مصنوعی ترقی نہیں دکھائیں گے بلکہ اسے حقیقی طور پر اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے ، (ن) لیگ نے ڈالر کی قدر کو کم رکھنے کیلئے زر مبادلہ کے ذخائر سے اربوں ڈالر خرچ کئے جس کاخمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ کرپشن نے اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے اوراس ناسور کاخاتمہ کئے بغیر ملک کو کسی صورت بھی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیاجا سکتا ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کرپشن کے خلاف جاری جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ ایک طبقہ مزاحمت کر رہا ہے لیکن انہیں اس میں ہرگز کامیابی نہیں ملے گی ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ ہم نے سب سے پہلے پسے ہوئے طبقات پر خرچ کرنا ہے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کریں گے اور انہی لوگوں کا ملک کی ترقی میں اہم کردارہوگا۔ حکومت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور ملک کے بد خواہ ہمیشہ کی طرح ناکام اور نا مراد ہی رہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات