سپریم کورٹ کا احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے ،عدم ادائیگی کی صورت میں جائیداد ضبط کرنے کا حکم

کون سے سرخاب کے پر لگ گئے تھے جو تنخواہ ایک لاکھ سی14 لاکھ کردی گئی ،اگر اتنے ہی منظورِ نظر تھے تو وزیراعلیٰ اپنی جیب سے آپ کو نوازتا‘چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریمارکس ،ایل ڈی اے سٹی سے متعلق سفارشات بھی پیش کرنے کا حکم

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے اور عدم ادائیگی کی صورت میں جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کون سے سرخاب کے پر لگ گئے تھے جو تنخواہ ایک لاکھ سی14 لاکھ کردی گئی ،کسے سیاسی فائدے دیے جو آپ کو نوازا گیا اگر اتنے ہی منظورِ نظر تھے تو وزیراعلیٰ اپنی جیب سے آپ کو نوازتا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں خصوصی بینچ نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کی ۔سابق ڈائریکٹر ایل ڈی اے احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔چیف جسٹس پاکستان نے احد چیمہ استفسار کیا کہ ساری بربادی کا ذمے دار کون ہی جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ پہلے اورنج لائن ٹرین کا بیڑہ غرق کیا، اب ایل ڈی اے سٹی کا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے احد چیمہ سے مکالمہ کیا کہ پیراگون سے کیا تعلق تھا جو ایل ڈی اے سٹی کا معاہدہ کیا، آپ حکومت کے منظورِ نظر تھے، ایل ڈی اے سٹی کا سارا کیس ہی بدنیتی کاہے، آپ بھکی پاور پلانٹ میں تنخواہ وصول کرتے رہے۔احد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ بھکی پاور پلانٹ میں 14 لاکھ روپے تنخواہ مقرر کی گئی۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کون سے سرخاب کے پر لگ گئے تھے جو تنخواہ ایک لاکھ سی14 لاکھ کردی گئی ۔

عدالت نے احد چیمہ سے مزید استفسار کیا کہ کسے سیاسی فائدے دیئے جو آپ کو نوازا گیا اگر اتنے ہی کسی کے منظورِ نظر تھے تو وزیراعلیٰ اپنی جیب سے آپ کو نوازتا۔اس موقع پر احد چیمہ نے موقف اپنایا کہ عدالتیں آزاد ہیں اور عدالتوں کے سامنے پیش ہوں گا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا بہت مشکل ہے،یہ لوگ شاطر طریقے سے کام ڈالتے ہیں ثبوت نہیں چھوڑتے،لکھ کہ دیتا ہوں کہ یہ سب لوگ ایک دن چھوٹ جائیں گے۔

عدالت عظمیٰ ن احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ احد چیمہ سے رقم وصول کریں، ادا نہ کریں تو جائیداد ضبط کر لی جائے۔عدالت نے ڈی جی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ایل ڈی اے سٹی سے متعلق سفارشات بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت 29 دسمبر ملتوی کر دی ۔واضح رہے کہ نیب نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہائوسنگ سوسائٹی کی 32کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے الزام میں رواں سال 21 فروری کو گرفتار کیا تھا۔