چیف جسٹس نے احد چیمہ کو تنخواہ سے زائد دی گئی رقم واپس لینے کا حکم دے دیا

احد چیمہ رقم ادا نہ کریں تو ان کی جائیداد ضبط کر لی جائے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:32

چیف جسٹس نے احد چیمہ کو تنخواہ سے زائد دی گئی رقم واپس لینے کا حکم دے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 دسمبر 2018ء) : سپریم کورٹ نے ایل ڈی اے کیس میں احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی جانے والی رقم واپس لینے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ اگر احد چیمہ رقم ادا نہ کریں تو ان کی جائیداد ضبط کر لی جائے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ایل ڈی اے سٹی کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے میری بات لکھ کر رکھ لیں، یہ سارے لوگ چُھوٹ جائیں گے، انہوں نے انتہائی شاطر طریقے سے منصوبہ بندی پر کام کیا ہے۔ چیف جسٹس نے احد چیمہ سے استفسار کیا بھکی پاور پلانٹ میں کتنی تنخواہ وصول کرتےرہے؟ احد چیمہ نے جواب دیا بھکی پاور پلانٹ میں چودہ لاکھ روپے تنخواہ مقررکی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جس پر چیف جسٹس نے کہا ایسےکون سےسرخاب کے پر لگ گئےتھے جو چودہ لاکھ تنخواہ دی گئی تھی؟ آپ نے کس کس کو فائدے دیئے جو آپ کو نوازا گیا؟ آپ اگر اُن کے اتنے ہی منظور نظر تھے تو وہ اپنی جیب سے آپ کونوازتا، قومی خزانے سے کیوں نوازا گیا۔

جس پر احد چیمہ کا کہنا تھا عدالتیں آزاد ہیں، عدالتوں کےسامنے پیش ہوں گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ اس بربادی کا ذمہ دار کون ہے؟ پہلےاورنج لائن کا بیڑہ غرق کیا، اب ایل ڈی اے سٹی کا ہو رہا ہے۔ پیراگون سے کیا تعلق تھا جو ایل ڈی اےسٹی کا معاہدہ کیا، ایل ڈی اے سٹی کا سارا کیس ہی بدنیتی کا کیس ہے۔ چیف جسٹس نے ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ احد چیمہ رقم ادا نہ کریں تو جائیداد ضبط کرلی جائے اور ڈی جی ایل ڈی اے سٹی سے متعلق سفارشات پیش کریں۔ یاد رہے رواں برس فروری میں قومی احتساب بیورو نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا۔ خیال رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں گرفتار احد چیمہ پنجاب حکومت کے طاقتور افسر شمار کیے جاتے ہیں۔ یہ اس وقت ڈی جی ایل ڈی اے تھے جب آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بڑے پیمانے پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، جس کی نیب تحقیقات کر رہا ہے۔