شہیدوں کے لئے کراچی کے تیز رفتار ترین سائیکلسٹ کل ایکشن میں نظر آئیں گے

ہفتہ 15 دسمبر 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) قوم کے شہیدوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہمیشہ وقار اور انسانیت پرستی میں صف اول پر ہوتی ہیں۔پاکستان کے شہیدوں کو یاد کرنے کیلئے کراچی کے سائیکلسٹوں کا منفرد انداز، جذبہ،جوش ولولہ اپنی مثال آپ ہے اور قوم کا فخر ہے۔ یہ بات آج اٹارنی جنرل انور منصور نے کلیم اعوان سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ۔

جسٹس (ر) قاضی خالد نے کلیم اعوان کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لئے اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کھلاڑیوں خصوصاً سائیکلسٹوں کی انوکھی خدمات لازوال و انمول ہیں ۔اس موقع پر ’’شہدائے پاکستان پولیس و رینجرز پیس مشن سائیکل ریس‘‘کے سرپرست اعلیٰ جسٹس ہیلپ لائن کے چیف ندیم شیخ اور سرپرست آتم پرکاش بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ندیم شیخ نے واشگاف انداز میں کہا کہ کلیم اعوان کے امن اور شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا اور پورے پاکستان میں مشنری انداز میں اس سلسلے میں کام شروع کیا جائے گا۔ دریں اثناء آج ’’شہدائے پاکستان پولیس و رینجرز پیس مشن سائیکل ریس‘‘ کا افتتاح مزار قائد سے ہوگا اور سائیکلسٹ یونیورسٹی روڈ، جیل روڈ، پرانی سبزی منڈی، حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، گلشن اقبال ، گلستان جوہر، ڈرگ روڈ، شاہراہ فیصل ، ملیر ، لانڈھی اور نیشنل ہائی وئے سے گزر کر اسٹیل ٹاؤن شپ پہنچے گے اور پھر واپس ہوکر عوامی مرکز شاہراہ فیصل کے سامنے ریس کا اختتام کریں گے۔