پلوامہ میں نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کشمیر یونیورسٹی کے طلباء کا مظاہرہ

غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی، ڈگری کالج سوپور کے طلباء بھی سراپا احتجاج

ہفتہ 15 دسمبر 2018 16:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں 10کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کیخلاف کشمیر یونیورسٹی سرینگر کے طلباء نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سینکڑوں طلباء اپنے کیمپس میں علاقہ محمد اقبال لائبریری کے پاس جمع ہو گئے اور نوجوانوں کے قتل پر ز بردست احتجاج کیا۔

انہوںنے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے نوجوانوں کے قتل کو انتہائی بہیمانہ اور ظالمانہ قرار دیا۔ طلباء نے احتجاجی مظاہرے کے بعد شہید نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی۔ نوجوانوں کی شہادت پر ڈگری کالج سوپور کے طلباء بھی سراپا احتجاج بن گئے۔ طلباء نے اپنے کالج کیمپس سے باہر آکر مظاہرہ کیا ۔ بھارتی فورسز اہلکاروں نے احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد طلباء اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔یا د رہے کہ بھارت فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروئیوں کے دوران آج ہفتے کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے کھر پورہ سرنو میں دس کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔