منڈی بہاؤالدین کے شہری کی رقم لاہور کے اے ٹی ایم سے چوری

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:12

منڈی بہاؤالدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) جعلی فون کالز پر شہریوں کو ڈرا دھمکا کر ان کے اکاؤنٹ کی معلومات حاصل کرکے رقم سے محروم کرنے کے واقعات کے بعد اب ایک نیا بینکنگ فراڈ سامنے آگیا۔اطلاعات کے مطابق پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین میں شہری کے علم میں لائے بغیر مبینہ طور پر ہیکرز نے اس کی محنت سے کمائی گئی رقم اکاؤنٹ سے نکال لی گئی۔

متاثرہ شہری نے بتایا کہ دوپہر 11 بجے کے قریب اس نے نجی بینک میں موجود اپنے اکاؤنٹ میں 5 لاکھ روپے جمع کروائے تھے جس کے بعد شام میں اس کے موبائل پر رقم نکلوانے کے میسجز موصول ہونا شروع ہوئے۔میسیجز پڑھ کر جب شہری معلومات حاصل کرنے کی غرض سے بینک روانہ ہوا توبینک تک پہنچتے پہنچتے اس کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ 52 ہزار روپے کی رقم نکالی جاچکی تھی۔

(جاری ہے)

شہری کے مطابق اس کا اکاؤنٹ الائیڈ بینک میں ہے جس سے رقم نکلوائی گئی، رقم نکلوانے کا معاملہ سامنے آنے پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔بعد ازاں جب شہری نے مذکورہ بینک کی ہیلپ لائن پر کال کرکے معلومات حاصل کی تو انہوں نے بتایاکہ پیکو روڈ لاہور پر قائم بنک کے اے ٹی ایم سے یہ رقم نکالی گئی، متاثرہ شخص کاکہنا تھا کہ میرے ساتھ فراڈ ہوا ہے۔شہری کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایم کارڈ میرے پاس ہی موجود تھا اور رقم نکلنے کا علم موبائل پر موصول ہونے والے میسج سے ہوا۔متاثرہ شخص نے متعلقہ بینک اور قریبی پولیس تھانے میں درخواست دیدی ہے ،ْاس کے ساتھ اس نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ میری رقم واپس دلائی جائے۔