چیف جسٹس کا احد چیمہ سے تنخواہ کی مد میں زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے کا حکم

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:56

چیف جسٹس کا احد چیمہ سے تنخواہ کی مد میں زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے اور عدم ادائیگی کی صورت میں جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا،سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی ای) سٹی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں سابق ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا،چیف جسٹس پاکستان نے احد چیمہ استفسار کیا کہ ساری بربادی کا ذمیدار کون ہے،جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ پہلے اورنج لائن ٹرین کا بیڑہ غرق کیا، اب ایل ڈی اے سٹی کا،چیف جسٹس نے احد چیمہ سے مکالمہ کیا کہ پیراگون سے کیا تعلق تھا جو ایل ڈی اے سٹی کا معاہدہ کیا، آپ حکومت کے منظورِ نظر تھے، ایل ڈی اے سٹی کا سارا کیس ہی بدنیتی کاہے، آپ بھکی پاور پلانٹ میں تنخواہ وصول کرتے رہے،احد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ بھکی پاور پلانٹ میں 14 لاکھ روپے تنخواہ مقرر کی گئی،اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کون سے سرخاب کے پًر لگ گئے تھے جو تنخواہ ایک لاکھ سی14 لاکھ کردی گئی،عدالت نے احد چیمہ سے مزید استفسار کیا کہ کسے سیاسی فائدے دیے جو آپ کو نوازا گیا، اگر اتنے ہی کسی کے منظورِ نظر تھے تو وہ وزیراعلیٰ اپنی جیب سے آپ کو نوازتا،اس موقع پر احد چیمہ نے مؤقف اپنایا کہ عدالتیں آزاد ہیں اور عدالتوں کے سامنے پیش ہوں گا،بعد ازاں چیف جسٹس نے احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے کا حکم دے دیا،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ احد چیمہ سے رقم وصول کریں، ادا نہ کریں تو جائیداد ضبط کر لی جائے،عدالت نے ڈی جی لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو ایل ڈی اے سٹی سے متعلق سفارشات بھی پیش کرنے کا حکم دیا،واضح رہے کہ نیب نے لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاوسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے الزام میں رواں سال 21 فروری کو گرفتار کیا تھا۔