صوبائی وزیر صحت سے پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل عامر مسعود کی ملاقات ،

دو طرفہ دلچسپی کے امور اور صحت عامہ کی سہولتوں کے فروغ پر تبادلہ خیال

ہفتہ 15 دسمبر 2018 17:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل عامر مسعود نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور صحت عامہ کی سہولتوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر صحت نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ کی زیرنگرانی تعلیم اور صحت کے شعبوں کے ترقی کے لئے مختلف پراجیکٹس کامیابی کے ساتھ آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں پاکستان ائیرفورس اہل علاقہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت سے بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ فورٹ منرو ہسپتال میں روزانہ اوسطاً 400 مریض او پی ڈی میں اپنا معائنہ کراتے ہیں۔ انہوں نے اگلے ماہ فورٹ منرو ہسپتال کا دورہ کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد نے مری میں تپ دق کے علاج کے لئے قائم ساملی سینی ٹوریم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی صحت کے سیاحتی مقامات کو نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں ائیر وائس مارشل عامر مسعود نے شعبہ صحت کی ترقی کے لئے صوبائی وزیر کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ دور افتادہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ پنجاب حکومت کے تعاون سے مختلف ائیر بیسز پر سپیشل ایجوکیشن کے مراکز بھی خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو پاک فضائیہ کی طرف سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔