آرمی پبلک سکول کے بچو ں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے‘عثمان بزدار

پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاورکے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے‘وزیراعلیٰ کا آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پرپیغام

ہفتہ 15 دسمبر 2018 18:02

آرمی پبلک سکول کے بچو ں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ16دسمبر2014ء کے دن سفاک درندوں نے معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلی اورآرمی پبلک سکول پشاورمیں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا۔ان بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصدکے حصول کیلئے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی۔

آرمی پبلک سکول پشاورکے بچو ں نے بہادری اورجرأت کی نئی تاریخ رقم کی اورقیام امن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے معصوم بچوں کا بہنے والا خون رنگ لایا ہے او ر قوم کے بہادر بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث وطن عزیز کو امن نصیب ہوا۔پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاورکے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچو ں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے ۔

قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔16دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتارہے گا۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے ناحق بہنے والے خون کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ہے۔قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔ شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں ۔ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید بچوں کے خون کا قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتارنا ہے۔