حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت

ہفتہ 15 دسمبر 2018 18:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع پلوامہ کے علاقے سرنو میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم کشمیری قوم کوہر روز بھارت کی ننگی جارحیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں دنیا کے انصاف پسند اقوام اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔

انہوں نے کہاکہ سرنو پلوامہ میں بھارتی فوج نے جس بربریت سے 10نوجوانوں کو شہید اور درجنوں کو شدید زخمی کردیاہے، اس نے ساری وادی میں سکتہ طاری کردیا ہے، ہر طرف آہ وبکا ، چیخ وپکار اور ماتم کا سماں ہے۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے براٹھ کلان سوپور میں شہید ادریس کی یاد میں منعقدہ تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے شہید موصوف کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

حریت رہنما اورجموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے پلوامہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کرنا لاقانونیت اور درندگی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ قتل و غارت اور ظلم و تشدد کے ذریعے تحریک آزادی کو دباسکتا ہے۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ (آر)کے سرپرست بیرسٹر عبدالمجید ترمبواور پارٹی رہنما وجاہت قریشی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو خق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت بند کرانے کا مطالبہ کیا۔ جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے شہدائے پلوامہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ پر توجہ نہ دینا خطے میں امن و استحکام کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے شہید عبدالخالق گنائی المعروف جمال افغانی کو بھی ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہیں بھارتی فوج نے 15دسمبر 1990ء کو دوران حراست شہید کیا تھا۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرنو پلومہ میں قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنی فوج کو کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ فریڈم پارٹی کے ترجمان نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان قربانیوں کی حفاظت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے وہ بھارت سے آزادی حاصل کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری کررکھیں گے۔ حریت رہنما محمد یوسف نقاش نے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان شہداء کی قربانیوں سے ہمارے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ان کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں۔ مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی اورمسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے بھی پلوامہ میں قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔