خیبرپختونخوا حکومت گنے کے کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے،محمداکبرخان

ہفتہ 15 دسمبر 2018 18:05

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) سیکرٹری فوڈ خیبر پختونخوا محمد اکبر خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت گنے کے کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور خصوصاً ڈیرہ اسماعیل خان کی شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن شروع کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج المعز شوگر مل میں کرشنگ سیزن کے افتتاح کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی ڈائریکٹر فوڈ سعادت خان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نذیر الرحمان کے علاوہ اے ایف سی راشد خان سدوزئی، کین انسپکٹر چوہدری خلیق، فوڈ انسپکٹر جنید خان کے علاوہ جنرل منیجر المعز شوگر مل بلال بھٹی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔قبل ازیں صوبائی سیکرٹری خوراک اور ان کے عملے کا المعز شوگر ملز پہنچنے پرپرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں المعز شوگر ملز کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کروایا گیا۔

(جاری ہے)

انہیں چینی بنانے کے پراسسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور پاور ہائوس، بوائلرز، فرنس پمپس، لفٹ پمپس، سنٹرل کنٹرول روم، ڈیٹا کنٹرول سسٹم و دیگر شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا۔ملز انتظامیہ نے سیکرٹری خوراک کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر انہوں نے مسائل کو جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سیکرٹری خوراک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شوگر ملوں کیلئے کرشنگ سیزن فوری طورپر شروع کر کے بحرانی کیفیت کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز تاندلیانوالہ شوگر مل میں کرشنگ سیزن کا افتتاح کیا گیا اور اسی طرح آج المعز شوگر مل میں بھی کرشنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ کل چشمہ شوگر ملز میں بھی کرشنگ شروع کر دی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں کیلئے کرشنگ سیزن میں بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ جسطرح صوبائی حکومت نے 180روپے فی 40کلو گرام کا نرخ مقرر کیا ہے اس پر ہر صورت میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ زمینداروں کا کردار ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملز انتظامیہ اور گنے کے کاشتکار وں کو تمام معاملات باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے چاہیئیں اور انتظامیہ کیلئے امن و عامہ کے مسائل سے گریز کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں سے بہت سے لوگوں کا روزگار وابستہ ہے ملوں کی بندش سے انہیں مسائل و پریشانیوں کا سامنا ہوتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :