سی این جی اسٹیشنزکی گیس آج رات 8 بجے بحال کرنے کا اعلان

گھریلوصارفین کیلئے ملک بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، کیپٹو پاور پلانٹس کوتین ماہ گیس فراہم کریں گے،سندھ حکومت بھی وفاق کی طرح عوام کی خدمت کرے،کراچی میں کچرے کے ڈھیڑ لگے ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیرپٹرولیم غلام سرور کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 دسمبر 2018 18:10

سی این جی اسٹیشنزکی گیس آج رات 8 بجے بحال کرنے کا اعلان
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 دسمبر2018ء) وفاقی حکومت نے سی این جی اسٹیشنزکی گیس آج رات 8بجے بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیرپٹرولیم غلام سرور نے کہا کہ گھریلوصارفین کوکہیں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، کیپٹو پاور پلانٹس کوتین ماہ گیس فراہم کریں گے،سندھ حکومت بھی وفاق کی طرح عوام کی خدمت کرے،کراچی میں کچرے کے ڈھیڑ لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے آج گورنرسندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل حل کرناحکومت کی ترجیح ہے۔ ہم نے آج سی این جی ایسوسی ایشن سمیت اوگرا کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی بحران آج رات ختم ہوجائے گا۔ سی این جی سیکٹر کی گیس آج رات 8بجے کھول دیں گے۔

(جاری ہے)

گیس سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

گیس بندش کے شیڈول کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔وزیرپٹرولیم غلام سرور نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ہم نے گیس کا ایشو حل کیا۔ ہم نے وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات کی اور سندھ حکومت کو بھی ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی صنعتوں کو بچانے کیلئے ایل این جی پر منتقل کیا گیا ہے۔سندھ میں صنعتوں کو بلاتعطل گیس فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کو کل سے گیس ملنا شروع ہوجائے گی۔ سندھ حکومت عوامی مسائل حل کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح گھریلوصارفین ہیں۔ گھریلوصارفین کیلئے ملک بھر میں کہیں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے عوام ایل این جی کو تیسرے نمبر پرلائیں۔ واضح رہے گزشتہ چھ روز سے کراچی اور سندھ میں گیس کے بحران نے عوام اور کاروباری لوگوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کررکھا تھا۔ تاہم اب حکومت نے سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔