Live Updates

آرمی پبلک اسکول سانحے پر آج بھی پورا ملک سوگوار ہے،خرم شیر زمان

ہفتہ 15 دسمبر 2018 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول سانحے پر آج بھی پورا ملک سوگوار ہے۔ پاکستانی ایک نڈر قوم ہے جس کے بچوں سے بھی دشمن ڈرتے اور انہیں ہلاک کرنے کی تدبیریں بناتے ہیں۔ معصوم بچوں، اساتذہ اور پاک فوج کے جوانوں کو شہید کرنے والے آج بھی ہارے ہوئے ہیں۔

جیت ہمیشہ سے اہل پاکستان کے ساتھ رہی ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا ہے۔ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے وطن کے سپوت جان دے کر بھی سرخرو ہوئے اور دہشت گرد اتنی جانیں لے کر بھی ناکام و نامراد ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آج بھی ملک دشمن عناصر سے شدید خطرات لاحق ہیں لیکن پاک فوج دنیا کی وہ بہترین فورس ہے جس نے کسی محاذ پر آج تک ناکامی کا منہ نہیں دیکھا۔

ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاک آرمی کوسلام پیش کرتے ہیں جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کو اپنی جانوں پر مقدم سمجھتے ہیں۔ آرمی پبلک اسکول کے واقعے نے ہر دردمند پاکستانی کو ہلا کر رکھ دیا لیکن قوم متحد ہوئی اور اس اتحاد نے دہشت گردی کے خلاف کام کرنا شروع کردیا۔ دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے بلوچستان کے ضلع کیچ میں بھی چھ سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا اس پر بھی ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کرکے بڑی کامیابی حاصل کی۔ شہداء کے ایصال ثواب کے لیے پوری قوم روز قیامت تک دعا گو رہے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات