Live Updates

لانگ ٹرم بہتری کیلئے تبدیلیاں لانا ہونگی ، قابل افسران کو ساتھ لے کر چلیں گے ‘عبدالعلیم خان

ْ’’میجر سرجری‘‘کی طرف جار ہے ہیں ، ماہرین معیشت کے تجربات سے مستفید ہوں گے ‘اجلاس سے خطاب

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبے میں لانگ ٹرم بہتری کیلئے بنیادی تبدیلیاں لانا ہوں گی اور بنیادوں کو ٹھیک کیے بغیر ملکی عمارت درست نہیں ہو سکتی ،مستقبل میں بہتر پرفارمنس کیلئے اہل اور قابل افسران کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب میں گورننس پر قائم ایڈوائزی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،8کلب روڈ پر ہونے والے اس اجلاس میں15مختلف محکموں کے وزراء صاحبان ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ سابق چیف سیکرٹری سلمان صدیق اور سابق وفاقی سیکرٹری سلمان غنی بھی موجود تھے ،ایڈوائزی کونسل کی طر ف سے سلمان شاہ نے سینئر وزیر اور اجلاس کو پنجاب کیلئے مجوزہ اصلاحات پر بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ معمول کے اقدامات سے کام نہیں چلے گا بلکہ پنجاب میں " میجر سرجری"کی طرف جا رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے وسیع تجربے کے حامل ماہرین معیشت اور سینئر افسران کے تجربات سے بھی مستفید ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ بہتر پرفارمنس کیلئے اہل اور قابل افسران کو ساتھ لے کر چلیں گے اور سٹرکچر میں تبدیلیاں لاتے ہوئے نئی پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد ہوگا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی سستی برداشت نہیں ہو گی ہم پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں ،عوام کو عمر ان خان اور اُن کی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں جنہیں پورا کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غیر منطقی اور ناکام پالیسیوں کے باعث مسائل کا انبار لگا ہوا ہے اور سرکاری محکموں کی سخت ترین مانیٹرنگ کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ملکی معیشت میں بہتری لائے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے اور اس سلسلے میں بعض سخت اور غیر مقبول فیصلے بھی کیے گئے ہیں ،عبدالعلیم خان نے ایڈوائزی کونسل کی سفارشات کو اہم اور موثر قرار دیتے ہوئے انہیں مزید پیش رفت کی ہدایت کی ۔

اجلاس کو سلمان شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے کئی ایک محکموں میں باہم رابطے کا فقدان ہے ، زراعت ، آبپاشی اور لائیو سٹاک جیسے محکموں کو مربوط انداز میں آگے بڑھنا ہوگا ،اسی طرح سپورٹس ، یوتھ آفئیرز اور سیاحت کے شعبوں میں بھی مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری محکموں میں بہتری لانے کیلئے سفارشات تیار ہیں جن پر ہر ایک محکمے کے لحاظ سے اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے ،اس موقع پر تعلیم ، صحت ،زراعت،لائیو سٹاک ، جنگلات ، سیاحت ، خزانہ ، صنعت ، ویمن ڈویلپمنٹ ،لیبر ، سماجی بہبود اور مختلف محکموں کے صوبائی وزراء نے بھی اظہار خیال کیا اور گورننس میں بہتری لانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات