جامعہ منبع العلوم میں انتظامیہ کا چھاپا بدترین ریاستی جبر ہے،وفاق المدارس العربیہ

حکومت فی الفور مولانا نصیب اللہ ودیگر کو رہا کرے،علماء کی گرفتاریوںسے حکومت کی اصلیت بے نقاب ہوگئی،مولانا امداد اللہ

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) جامعہ منبع العلوم منگھوپیر میں گزشتہ رات سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے چادر چاردیواری کاتقدس پامال کرتے ہوئے جامعہ کے مہتمم مولانا حافظ محمد نصیب مینگل اور ناظم تعلیمات مولانا سیف اللہ کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا،وفاق المدارس العربیہ کے ناظم سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی،اراکین عاملہ مفتی محمد نعیم،مولانا ڈاکٹر عادل خان،مولانا قاری عبدالرشید،مفتی محند خالد،معاون صدر وفاق مولانا ڈاکٹر سعید خان اسکندر اور میڈیاکوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی نے مذمت کرتے ہوئے مولاناحافظ محمد نصیب مینگل و مولانا سیف اللہ کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا،مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق ریاست مدینہ کے نعروں اور دعویداروں کی دین دشمنی کو بے نقاب کردیا،انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دن دنوں میں اٹک میں پیغام مدارس کانفرنس کے بعد وفاق المدارس خیبر پختون خواہ کے رہنما مفتی کفایت اللہ کو دو سال قبل قائم جھوٹے مقدمہ کو جواز بناکر گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیااور اسی رات کراچی یوسف گوٹھ میں مدرسہ عمر بن خطابؓ پہ مسلح افراد نے حملہ کیا اور اب گزشتہ رات کراچی کے معروف ادارہ میں نام نہاد اہلکاروں نے چھاپہ مار ادارہ کے مہتمم اور ناظم تعلیمات کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پہ منتقل کیا گیا انتظامیہ مولانا کی گرفتاری سے لاعلمی کااظہار کررہی ہے،حکومت اور انتظامیہ کے اس ظالمانہ رویہ سے آج انصاف و قانون کا خون ہورہا ہے، مولانا رحمانی نے مزید بتایا کہ دینی مدارس ملکی استحکام و قانون کی حکمرانی پہ یقین رکھتے ہیں اس طرح کے آمرانہ اقدامات سے دین دشمنی واضح ہورہی ہے ریاست مدینہ کی حکمرانی کے دعویدار آج ملک دشمن بیرونی استعماری قوتوں کے ایجنڈے پہ گامزن ہو کر پر امن تعلیمی اداروں کے خلاف جبر سے کام لے رہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ وفاق المدارس العربیہ کی مرکزی و صوبائی قیادت سمیت ملک بھر کے بیس ہزار سے زائد دینی مراکز میں تشویش بڑھتی جارہی ہے،حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور مفتی کفایت اللہ،مولانا نصیب مینگل سمیت ملک بھر میں دیگر بے گناہ علماء وطلبہ کو رہا کرے،بیس تاریخ کو جامعہ فاروقیہ کراچی میں ہونے والے علماء کنونشن میں دینی مدارس کے تحفظ وبقاء سمیت مملکت اسلامی کی نظریاتی سرحدات کی حفاظت و تشخص کو اجاگر کرنے کے عزم کے ساتھ حکومت کے موجودہ ظالمانہ دین دشمن سلوک پہ لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا،دریں اثناء وفاق المدارس کے مرکزی ناظم مولانا عبدالمجید،مولانا سیف اللہ نوید،چوہدری محمد ریاض اور اسلام علی شاہ،وفاق المدارس پنجاب کے قاضی عبدالرشید،مولانا زبیر احمد صدیقی،وفاق المدارس خیبر پختون خواہ کے مولانا حسین احمد،مفتی اصلاح الدین حقانی، مولانا سراج الحسن،بلوچستان کے مفتی صلاح الدین ایوبی،مفتی مطیع اللہ نے مفتی کفایت اللہ و مولانا نصیب مینگل سمیت دیگر علماء کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔