اے پی ایس کے شہداء کی قربانیوںکے باعث آج پاکستان میں دیگربچے محفوظ ہیں

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:20

سرگودھا۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) شہداء سانحہ اے پی ایس پشاور کی قربانیوں کے باعث ملک میں دہشتگردی کیخلاف پاک فوج‘ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جو آپریشن کیا اس کے بعد دہشتگردی کے واقعات میں 90 فیصد کمی آئی ہے ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران سرگودھا کے راہنما بھائی عبدالرحمن نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت کا وہ لمحہ آج بھی دنیا بھر کے انسانوں کی آنکھوں میں موجود ہے اللہ نہ کرے آئندہ کبھی ایسا دسمبر آئے جس میں بچے سکول جائیں اور واپس نہ آئیں بھائی عبدالرحمن نے کہا کہ جس طرح انسانیت کے دشمنوں نے معصوم بچوں کیساتھ خون کی ہولی کھیلی وہ لمحہ ان والدین کیلئے انتہائی کربناک ہے جن کے بچے اس واقعہ میں جام شہادت نوش کرگئے بچوں کی شہادت پر جس طرح پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے دہشتگردوں کیخلاف کاروائی کی یہ ان بچوں کی قربانیوں کا صلہ ہے کہ آج پاکستان میں دیگر والدین اور بچے دہشتگردوں کے ہاتھوں محفوظ ہیں جس پر پاک فوج بجا طور پر مبارکباد کی مستحق ہے۔