ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ نے انتخابی مہم کے دوران دیواروں پر اشتہار لگانے اور وال چاکنگ پر پابندی عائد کر دی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:20

مانسہرہ۔ 15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ نے بلدیاتی انتخابات میں انتخابی مہم کے دوران دیواروں پر اشتہار لگانے اور وال چاکنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے ضلعی پولیس آفیسر کی زیرصدارت مانسہرہ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران امیدوار اور ان کے ووٹر و سپورٹرز ایسی تقاریر سے گریز کریں جس کی وجہ سے فرقہ وارانہ جذبات بھڑکیں اور معاشرہ کے مختلف طبقات اور لسانی گروپوں کے مابین تنازعات جنم لیں۔

حکومت پاکستان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے تمام ضمنی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی آزادانہ طور پر حق رائے دیہی استعمال کر سکے، تمام امیدوار اور سیاسی جماعتیں کوئی ایسا اقدام نہ کریں جو ملک پاکستان کی خود مختیاری اور سلامتی کے خلاف ہو۔