آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، محمود خان

خیبرپختونخوا میں خصوصاً اور عموماً پاکستان میں قیام امن کی تاریخ میں معصوم بچوں کی قربانی جلی حروف سے لکھی جائے گی ہم آج بھی غمزدہ خاندانوں کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہے اور اس ناقابل تلافی نقصان پر ان کے صبر واستقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دلخراش سانحہ کی چوتھی برسی کے حوالے سے جاری پیغام

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، خیبرپختونخوا میں خصوصاً اور عموماً پاکستان میں قیام امن کی تاریخ میں معصوم بچوں کی قربانی جلی حروف سے لکھی جائے گی، ہم آج بھی غمزدہ خاندانوں کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہے اور اس ناقابل تلافی نقصان پر ان کے صبر واستقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیںان خیالات کا اظہار انہوں نے 16 دسمبر2014 کو پشاور میں آرمی پبلک سکول کے دلخراش سانحہ کی چوتھی برسی کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کا واقعہ ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے ننھے اور معصوم طالب علموں کو ان کے علمی گہوارے کے اندربے دردی سے قتل کیا اور ایک مکتب کو مقتل میں تبدیل کر دیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دلخراش واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے حکومتی ، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن خیبرپختونخوا اور پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا صوبائی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں بہترین کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا گواہ ہے کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں قوم کے دیگر سپوتوں کی طرح ہمارے نونہالوں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ ان کے جگرگوشے سکول گئے مگر واپس گھر نہ آئے ۔ انہوں ٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس گھڑی میںوالدین کے ساتھ ہے ہم نے ماضی میں بھی ان کی ہر طرح دلجوئی کی اور آئندہ بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے صوبائی حکومت APS کے شہدا کے والدین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے صبروتحمل اور استقامت کا پہاڑ بن کر اپنے بچوں کی جدائی برداشت کی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے آرکائیوز لائبریری پشاور میں شہداء سے منسوب یادگار اور تصاویر ہمیں وطن کے ننھے جان نثاروںکی یاد ہمیشہ دلاتی رہیں گی۔