ْ مرحوم مولانا سمیع الحق کی سیاسی، ملی اور دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں، انور سیف اللہ خا

وہ واحد لیڈر تھے جنہوں نے ملک کی دفاع اور سلامتی کے لئے سیاسی اور دینی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا،سابق وفاقی وزیر

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:58

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن اور سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ جے یو آئی(س) کے مرکزی امیر مرحوم مولانا سمیع الحق کی سیاسی، ملی اور دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ واحد لیڈر تھے جنہوں نے ملک کی دفاع اور سلامتی کے لئے سیاسی اور دینی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم اسلامیہ لکی سٹی میں مولانا سمیع الحق مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا حبیب اللہ حقانی، حافظ طاہر شاہ اور دیگر رہنمائوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع ناظم ایڈووکیٹ اقبال حسین، سابق ایم این اے غلام الدین خان، پی پی پی کے ڈویژنل سینئر نائب صدر حاجی اسم گل، ضلعی جنرل سیکرٹری قسمت اللہ خان، جاوید اقبال اور مشران علاقہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ خان نے کہا کہ مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ اور مسلکی اختلافات کے خاتمے کے لئے کام کیا ،یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کی دینی اور مذہبی قوتیں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی تھیں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیف اللہ برادران اور مروت قوم مرحوم کے خاندان اور جے یو آئی(س) کے کارکنوں کے دکھ میں شریک ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سیف اللہ برادران کا ساتھ دیں کیونکہ یہی وہ خاندان ہے جو علاقے کی پسماندگی دور کرنے اور یہاں ترقی و خوشحالی لانے کی صلاحیت و اہلیت رکھتا ہے، عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے اور ہم اس سے ہر گز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔