لاہور ،پیپلز پارٹی لاہور کا اجلاس،

بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریب کے حوالے لائحہ عمل طے کیا گیا

ہفتہ 15 دسمبر 2018 20:34

لاہور ،پیپلز پارٹی لاہور کا اجلاس،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن کی زیر صدارت لاہور تنظیم کا اجلاس ہوا جس میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریب کے حوالے لائحہ عمل طے کیا گیا اور برسی کو شہید بی بی کے شایان شان منانے کا عزم کیا گیا برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کے لئے قافلہ لاہور ریلوے سٹیشن سے 26 دسمبر کو روانہ ہو گا اور 28 دسمبر کو واپس آئے گا۔

اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی گئی جس کہ مطابق جنوری کے پورے مہینے کیک کاٹنے کی تقریبات ہوں گی جن کا انتظام پاکستان پیپلز پارٹی لاہور تنظیم کے زیر انتظام ہو گا۔ اس موقع پر لاہور کے جنرل سیکرٹری اسرار الحق بٹ، سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی، ملک ذاہد، شہباز محمود بھٹی، امجد جٹ، عاطف چوہدری، شکیل میر، وحید عالمگیر، کے ڈی رانا، زاہد علی شاہ، اور دیگر عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر جیالے تاریخی نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

تقریب میں حسب سابقہ لاہوریوں کی بھرپور نمائندگی بی بی شہید سے دلی عقیدت کا منہ بولتا ثبوت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ایک سوچ‘ فکر اور نظریہ کا نام ہے انہوں نے ہمیشہ آمروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر انہیں للکارا اور کبھی ان کے آگے سر نہیں جھکایا انہوں نے عوام کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے جمہوریت کو دوام بخشا‘ جیالے اپنی شہید قائد کا مشن جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد شہیدوں کی قربانیوں سے عبارت ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بے نقاب کیا‘ شہید بھٹو کا دیا ہوا فلسفہ‘ افکار‘ نظریات اور شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کی سوچ اور فکر کو دبایا نہیں جا سکتا جب تک ملک میں غربت‘ جہالت‘ بے روزگاری اور سرمایہ داری نظام کاخاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ جاری رہے گا۔