Live Updates

پاکستان کی کرتار پور بارڈر کھولنے کی گُوگلی نے ہمیں کلین بولڈ کر دیا

سچ یہ ہے کہ پاکستان اب کشمیر میں مداخلت نہیں کر رہا اور وہاں کشمیری نوجوانوں نے خود ہتھیار اٹھا لیے ہیں: سابق بھارتی سفارتکار بھندر کمار

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 دسمبر 2018 20:47

پاکستان کی کرتار پور بارڈر کھولنے کی گُوگلی نے ہمیں کلین بولڈ کر دیا
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 دسمبر2018ء) سابق بھارتی سفارتکار بھندر کمار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کرتار پور بارڈر کھولنے کی گُوگلی نے ہمیں کلین بولڈ کر دیا ، سچ یہ ہے کہ پاکستان اب کشمیر میں مداخلت نہیں کر رہا اور وہاں کشمیری نوجوانوں نے خود ہتھیار اٹھا لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 25 جولائی کے عام انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد اپنی تقریب حلف برداری کیلئے بھارت کی چند شخصیات کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔

اس سلسلے میں پاکستان کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس کے رہنما نجوت سنگھ سدھو نے پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں باقاعدہ شرکت کی تھی۔

(جاری ہے)

اس تقریب کے دوران نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو گلے لگا لیا تھا جس پر بھارت میں خاصا شور مچا تھا۔

تقریب کے دوران آرمی چیف نے سدھو کو پیش کش کی تھی پاکستان بھارت اور دنیا بھر میں مقیم سکھوں کی سہولت کیلئے کرتارپور بارڈر کھولنے کیلئے تیار ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے ناصرف کرتار پور بارڈر کھولن کا اعلان کیا، بلکہ سکھ یاتریوں کیلئے کرتارپور راہداری کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نے اپنے اس اعلان پر جلد عمل کیا اور کچھ ہفتے قبل ہی کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا تھا۔

حکومت کے اس اقدام کے باعث پاکستان کو ناصرف بھارتی پنجاب بلکہ پوری دنیا میں مقیم سکھوں کی حمایت حاصل ہوئی۔ اس تمام معاملے کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی جبکہ مودی سرکاری کی شکست قرار دیا گیا۔ اس حوالے سے اب بھارت کے سابق سفارتکار اور تجزیہ کار بھندر کمار کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ سابق بھارتی سفارتکار بھندر کمار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کرتار پور بارڈر کھولنے کی گُوگلی نے ہمیں کلین بولڈ کر دیا ہے۔ جبکہ کشمیر کے معاملے پر بھندر کمار کا کہنا ہے کہ سچ یہ ہے کہ پاکستان اب کشمیر میں مداخلت نہیں کر رہا اور وہاں کشمیری نوجوانوں نے خود ہتھیار اٹھا لیے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات