آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم طلبہ کا خونِ ناحق قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑتا رہے گا ، بلاول بھٹو زرداری

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:12

آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم طلبہ کا خونِ ناحق قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑتا ..
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم طلبہ کا خونِ ناحق قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑتا رہے گا جب تک دہشتگردی کی عفریت کا اس کے مددگاروں اور سہولت کاروں کے ساتھ ساتھ ملک سے مکمل صفایا نہیں ہو جاتا۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی چوتھی برسی کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ چار سال قبل آج کے دن دہشتگردوں نے معصوم بچوں پر حملہ کرکے نہ فقط پورے ملک بلکہ تمام دنیا کو اشکبار کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ پاکستان اور اس کی عوام کے لیئے ہمیشہ باعثِ صدمہ رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج بھی اس سانحہ کے متاثر والدین اور خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتھاپسندی و دہشتگردی اِس ریاست اور پاکستانی عوام کی بدترین دشمن ہیں اور قوم کسی بھی شخص یا گروہ کی جانب سے انہیں ظاہری یا خفیہ طور دی جانے والی نرمی کو برداشت نہیں کرے گی۔

پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی دہشتگردوں کا بدترین نشانہ بننے کے باوجود دہشتگردی کے خلاف مزاحمت کی قیادت کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ خون کے پیاسے درندوں کے خلاف ان کے موقف سے بالاخر آج ملک میں سب متفق ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا اور اپنی پارٹی رہنماوں پر زور دیا کہ آج کے دن وہ متاثر خاندانوں سے جاکر ملیں اور ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔