اے پی ایس پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ہمارے ہیرو اور ہیروئنیں ہیں‘

ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ آصف علی زرداری

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:12

اے پی ایس پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ہمارے ہیرو اور ہیروئنیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے آرمی پبلک اسکول پشاور میں آج کے روز چارسال قبل ہونے والے قتل و خون کے واقعہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چارسال قبل آج کے روز اے پی ایس کے طلباء‘ اساتذہ اور سٹاف کے اراکین کو مذہبی شدت پسندوں کے ظلم کا سامنا کرناپڑا جن کے خون سے مذہبی دہشتگردوں نے ہولی کھیلی اور پوری قوم کو اس بات پر یکجا کر دیا جو انتہاپسندی کے خاتمے تک اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اے پی ایس پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ہمارے ہیرو اور ہیروئنیں ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق صدر نے اس بات کی بھی مذمت کی کہ نیشنل ایکشن پلان جو ان شہیدوں کے خون کا بدلہ لینے کے لئے تیار کیا گیا تھا اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر ناکامی ان شہدائ کی قربانیوں کو مستردکر دینے کے مترادف ہے اور یہ شہدائ نہ صرف طلبا، اساتذہ اور سٹاف کے اراکین تھے بلکہ وہ پیراملٹری فورس، پولیس اور سویلین بھی ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ آج کے دن ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اے پی ایس کے مذموم جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان لوگوں کا احتساب کیا جائے جو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکامی کے ذمہ دار ہیں۔