ایرانی سفیر کی دفتر خارجہ میں طلبی

گزشتہ روز پاک ایران سرحد پر 6 ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر احتجاج، ایرانی حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:02

ایرانی سفیر کی دفتر خارجہ میں طلبی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 دسمبر2018ء) ایرانی سفیر کی دفتر خارجہ میں طلبی، گزشتہ روز پاک ایران سرحد پر 6 ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر احتجاج، ایرانی حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے ہنگامی طور پر پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کیا گیا ہے۔ ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے گزشتہ روز پاک ایران سرحد پر پیش آئے واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ حکام نے ایرانی سفیر سے پاک ایران سرحد پر ایف سی اہلکاروں پر سرحد پار سے ہونے والے دہشت گرد حملے پر شدید احتجاج کیا۔ دفتر خارجہ حکام کی جانب سے ایرانی سفیر کو بتایا گیا کہ گزشتہ روز ایف سی اہلکار پاک ایران سرحد پر معمول کا گشت کر رہے تھے جب ان پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے دوران ایف سی کے 6 اہلکار شہید ہوگئے تھے، جبکہ 12 شدید زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے بعد پاکستانی فورسز کی جانب سے بھی جوابی کاروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا تھا۔ پاکستان نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ ایف سی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کیخلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔