انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ہاکی اوپن سیریز کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، چیئرمین لوکل آرگنائزنگ کمیٹی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ہاکی اوپن سیریز کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، انٹرنیشنل ہاکی کی چودہ سال بعد پاکستان واپسی ہم سب کیلئے خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار ایونٹ کی لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ساجد حمید اورسیکرٹری کرنل ریٹائرڈ آصف نواز نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، کرنل آصف نواز نے بتایا کہ ایونٹ سترہ سے بائیس دسمبرتک کھیلے جانے والے ایونٹ میں ازبکستان، تاجکستان، افغانستان اورنیپال کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں پرمشتمل الیون بطور میزبان ایونٹ کا حصہ ہوگی، انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک طویل عرصہ بعد انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہاہے جس پر ہم سب کو خوشی ہے ، ہاکی کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے ہمیں اس اہم موقع کوضائع نہیں کرنا چاہیے، کرنل آصف نوازنے بتایاکہ پی ایچ ایف نے ایونٹ کی میزبانی کیلئے ایف آئی ایچ کی ٹیم کو کراچی، راولپنڈی اورلاہورکے سٹیڈیمز کا دورہ کرایا تھاتاہم انہوں نے لاہور میں ایونٹ کے انعقاد پرحامی بھری،ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں عوام کی شمولیت بڑھانے کیلئے تعلیمی اداروں سمیت تمام مکتبہ فکرکے لوگوں کو سٹیڈیم آنے کی دعوت دی گئی ہے۔