وزیراعلیٰ کی مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور ظلم و تشددکی شدید مذمت

ہفتہ 15 دسمبر 2018 22:20

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور ظلم و تشددکی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کا گلہ گھوٹنے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اوربین الاقوامی برادری کے ضمیر کو اب جاگنا ہوگااور بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم پر اقوام متحدہ کو بھی فوری نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے کہ وہ ظلم و ستم کے ذریعے کشمیری عوام سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا۔بھارتی حکومت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اورکشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔