Live Updates

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں بلوچستان میں ترقی وخوشحالی کی نئی راہیں کھولی جائیں گی،گورنر پنجاب کی ریذیڈینشل کالج لورالائی کے طلباء کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 15 دسمبر 2018 22:20

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستا ن کی ترقی سے وابستہ ہے‘ بلوچستان آبادی کے لحاظ سے اگرچہ چھوٹا صوبہ ہے مگر وسائل کے اعتبار سے مالامال ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں بلوچستان میں ترقی وخوشحالی کی نئی راہیں کھولی جائیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک اور گوادر پورٹ نہ صرف پاکستان کی معیشت کو مضبوط خطوط پر استوار کرے گی بلکہ خطے میں خوشحالی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں بلوچستان ریذیڈینشل کالج لورالائی کے طلباء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وفد کی قیادت کالج کے کوآرڈینیٹر فاروق احمد کاکڑ کررہے تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ بلوچستان کے بچے مجھے اتنے ہی عزیز ہیںجتنے پنجاب کے بچے ۔

انہوں نے کہاکہ سیاست میں ایسے لوگوں کو آنا چاہیئے جو لوگوں کی فلاح بہبود کو عبادت اور خدمت سمجھ کرکرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو سیاست میں نہیں آنا چاہیئے جو دکھی انسانیت کی خدمت نہیں کر سکتے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انہوں نے گورنر بلوچستان سے بات کی ہے کہ انکی فائونڈیشن بلوچستان کی جیلوںمیں قیدیوں کے لیئے فلٹریشن پلانٹس نصب کرے گی۔

اور ایسے قیدی جو اپنا جرمانہ ادا نہیں کرسکتے انکے جرمانے ادا کرکے انہیں رہا کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنے بلوچی بھائیوں کے لیئے کچھ کریں۔ بلوچستان کے طلباء کی ڈیمانڈ پر گورنر پنجاب نے بلوچستان ریذیڈینشل کالج کے لیئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا اعلان کیا۔وفد نے گورنر پنجاب کو بلوچستان کی روایتی پگڑی پہنائی انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے دورے سے خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جائیں گے ۔

یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور گورنر پنجاب کے جذبات نے ہمارے دل موہ لیئے ہیں۔بعدازاں،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ٹرسٹ سکول کے زیر اہتمام برین آف لاہور سالانہ انٹر سکول مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بہتر نہیں رہا۔

بدقسمتی سے تعلیمی ادارے منافع بخش انڈسٹری بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ملکوں میں صحت اور تعلیم کو کمانے کا زریعہ نہیں بنایا گیا جسکی وجہ سے وہ آج ہم سے آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیئے جامع اقدامات عمل میں لائے گی۔انہوں نے کہاکہ جو ٹیلنٹ ، وژن ، کمیٹمنٹ اور نالج پاکستان کے بچوں کے پاس ہے وہ یورپ کے کسی بچے میں نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن، محبت، برابری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ اسلام کے خلاف غلط پراپیگنڈا کررہے ہیں ۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت کریں کیونکہ آج وہ جس مقام پر کھڑے ہیں وہ والدین اور اساتذہ کرام کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔

گورنر پنجاب نے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مباک باد اور انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی دیئے۔دریں اثنا گورنر پنجاب نے ایک مقامی ہوٹل میں امیر بیگم ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام 25اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے مخیر حضرات اور این جی اوز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ۔

یہ مستحق افراد کی مدد کر کے نہ صرف دنیا کما رہے ہیں بلکہ اپنی آخرت بھی سنوار رہے ہیں ۔ انہوں نے اب تک ایک ہزار سے زائد غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کی شادیاں کروانے پر امیر بیگم ویلفیئر ٹرسٹ کی انتظامیہ اور چیئرپرسن روبینہ شاہین وٹو کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میںسابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور احمد وٹو، لیاقت بلوچ ، خرم نواز گنڈہ پور اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

دریں اثنا گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ایک مقامی ہوٹل میں کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ایجوکیشن ایکسیلنس کانفرنس 2018میں شرکت کی ۔ تقریب میں صوبائی وزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین ۔ میاں لطیف ، پرنسپل کریسنٹ ماڈل سکول صوبیہ نوید کے علاوہ غیر ملکی وفود اور طلباء وطالبات اور انکے والدین نے بھی شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات